ساہیوال بورڈ کے طلباوطالبات اب فیس آن لائن جمع کرا سکیں گے
ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن ساہیوال کا امیدواروں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان، طلبہ و طالبات اب تمام فیسیں گھر بیٹھے آن لائن جمع کروا سکیں گے۔
بورڈ اور حبیب بنک کے درمیان معاہد ہ طے پا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین بورڈ حافظ محمد شفیق کی کاوشوں سے ساہیوال بورڈ اور حبیب بنک کے درمیان بورڈ سے متعلقہ تمام فیسیں آن لائن جمع کروانے کا معاہدہ طے پا گیا ہے جس سے طلبہ و طالبات کو بڑا ریلیف ملے گا۔
بورڈ چیئرمین حافظ محمد شفیق نے بتایا کہ معاہدے کے تحت مختلف امتحانی فیس گھر بیٹھے آن لائن یا موبائل بینکنگ کے ذریعے ادا کی جا سکتی ہیں اور امیدواروں کو بنک برانچ آنے کی ضرورت نہیں جس سے سالانہ ایک لاکھ 60 ہزار امیدواروں کو ریلیف ملے گا۔
معاہدے پر دستخط چیئرمین بورڈ حافظ محمد شفیق اور حبیب بنک کے ہیڈ برانچ بینکنگ ساؤتھ سید مجتبیٰ حسین نقوی نے ایک خصوصی تقریب میں کئے. تقریب میں دونوں اداروں کے متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔