ساہیوال ڈویژن میں کھاد کا کوٹہ بڑھا کر 40 ہزار بیگز کر دیا گیا

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) ساہیوال ڈویژن میں کھاد کا کوٹہ بڑھا کر 30 ہزار بیگز سے 40 ہزار بیگز کر دیا گیا ہے. آوارہ کتوں کی تلفی کے لئے کارپوریشن، لائیوسٹاک اور لوکل گورنمنٹ پالیسی بنائیں، ڈویژن بھر کو کوڑا کرکٹ سے پاک کیا جائے اور جہاں سے کوڑا کرکٹ اٹھایا جائے وہاں درخت لگائے جائیں تاکہ ماحول کو صاف ستھرا بنایا جاسکے- کمشنر علی بہادر قاضی کی اجلاس کے دوران ڈویژن کے افسران کو ہدایات –
تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی کی زیر صدارت کمشنر آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کسانوں کو کھاد کی فراہمی، عوام کو مختلف شعبوں میں سہولیات کی فراہمی کیلئے شروع کیے گئے اقدامات اور آوارہ کتوں کی تلفی کیلئے پالیسی بنانے کا تفصیلی جائز ہ لیا گیا۔
اجلا س میں ایڈیشنل کمشنر شفیق احمد ڈوگر سمیت تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز محمد اویس ملک، کیپٹن (ر) علی اعجاز اور احمر سہیل کیفی کے علاوہ متعلقہ محکموں کے ڈویژنل سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں پہلے روزانہ کی بنیاد پر 30 ہزار کھاد کے بیگز مہیا کیے جا رہے جو کہ اب بڑھا کر 40 ہزار کر دیے گئے ہیں اور ڈویژن بھر میں کہیں بھی کھاد کی کمی نہیں ہے۔
عوامی فلاحی منصوبوں کیلئے اٹھائے گئے اقدامات جن میں صفائی، مین ہولز کی مرمت، بس و ویگن اڈوں کی صفائی، سرکاری بلڈنگ کی وائٹ واش، سٹریٹ لائٹس کی مرمت کا بھی تفصیلی جائز ہ لیا گیا۔
کمشنر علی بہادر قاضی نے ہدایت کی کوڑا کرکٹ اٹھا کر وہاں درخت لگائے جائیں تاکہ ماحول کو صاف ستھرا بنایا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ مین ہولز کی چوری روکنے کے لئے ویجلنس کمیٹیاں تشکیل دے دیں گئی ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پابندی کے باوجود اگر کوئی کباڑیہ مین ہول خریدتا ہے تو اس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ علی بہادر قاضی نے ہدایت کی کہ مونسپل کارپوریشن، لائیوسٹاک اور لوکل گورنمنٹ ملکر شہر سے آوارہ کتوں کی تلفی بارے بھی پالیسی بنائیں۔