ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا اہم اجلاس

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا بڑا فیصلہ، شہداء کے بچوں کو فیس میں 50 فی صد رعایت دینے کی منظوری۔ اجلاس کی صدارت کمشنر علی بہادر قاضی نے کی۔

تفصیلات کے مطابق ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ کا بورڈ اجلاس کمشنر ساہیوال / چیئرمین ٹرسٹ علی بہادر قاضی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ساہیوال اور چیچہ وطنی کے ڈویژنل پبلک سکولز کی نصابی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، پرنسپل برگیڈیر (ر) سید انوار الحسن کرمانی، پراجیکٹ ڈائریکٹر حبیب جیلانی وینس اور بورڈ ممبران شیخ محمد یونس اور سید افتخار حسین شاہ نے شرکت کی۔

کمشنر علی بہادر قاضی نے ڈویژنل پبلک سکول میں جاری شجرکاری مہم کو سراہا اور کلچرل ڈے کے شاندار انعقاد پر سکول انتظامیہ کو مبارک باد دی۔ انہوں نے ڈ ی پی ایس میں زیر تعلیم فوج، پولیس اور اولین شہداء کے تمام بچوں کو فیس میں 50 فیصد رعایت دینے کی منظوری دیتے ہوئے بتایا کہ نیا داخلہ اسکول کی پالیسی کے مطابق میرٹ پر ہوگا۔

پرنسپل برگیڈیر (ر) سید انوارالحسن کرمانی نے بتایا کہ راوی کیمپس کے پہلے فیز کی تعمیر تیزی سے جاری ہے جسے دسمبر 2022 تک مکمل کر کے 2023 کے تعلیمی سال سے کلاسز کا اجراء کر دیا جائے گا۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے جاری ترقیاتی کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ بوائز سیکشن کی تعمیر مکمل ہونے کے ساتھ ہی گرلز سیکشن کی تعمیر شروع کردی جائے۔

اس کیٹیگری سے مزید خبریں پڑھیے
اپنی رائے کااظہار کیجئے

Your email address will not be published.