ڈپٹی کمشنر ساہیوال نے پبلک پارکس کے نام مقامی ادبی شخصیات سے منسوب کر دیے

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے شہر سے تعلق رکھنے والی ممتاز علمی و ادبی شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز انویسٹمنٹ امپروومنٹ پروگرام کے تحت بحال ہونے والے پبلک پارکس کے نام ان شخصیات سے منسوب کر دیے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے ناموں کی تبدیلی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیاہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق فرید ٹاؤن کا نو تعمیر شدہ پارک منیر نیازی پارک کہلائے گا اور چمن زار پارک کا نام طارق عزیز پارک رکھ دیا گیا ہے۔

اسی طرح ای لائبریری ممتاز شاعر اور ماہر تعلیم خورشید رضوی کے نام سے موسوم ہو گی جبکہ ہاکی گراؤنڈ سٹیڈیم روڈ اب سے قمر ضیاء ہاکی گراؤنڈ کہلائے گا.

ظفر علی سٹیڈیم سے متصل بیڈ منٹن ہال ساہیوال کے سابق ڈپٹی کمشنر مظفر قادر کے نام سے منسوب ہو گا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق عزیز قطب مسجد گرلز کالج سے متصل چوک کو قائد اعظم کے لنکنز ان کے ہم عمر اور تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن بیرسٹر سید عزیز قطب سے منسوب کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے کہا کہ ساہیوال سے وابستہ ان شخصیات نے ادب، فن، عوامی خدمت، پبلک ایڈمنسٹریشن اور کھیلوں کے شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دیں اوریہ نامور شخصیات پوری دنیا میں ساہیوال کی پہچان ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ زندہ معاشرے اپنے مشاہیر کی خدمات ہمیشہ یاد رکھتے ہیں اور نوجوان نسل کو ان کی خدمات کے بارے میں آگہی بھی دی جانی چاہئے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.