یونیورسٹی آف ساہیوال میں سپورٹس ویک کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریب

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ) وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساہیوال پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی اور اس کے نوجوانوں کے ذہنی ارتقا کا اندازہ وہاں کےتعلیمی معیارسے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔

تعلیم صرف درسی کتب اور لیکچرز تک محدود نہیں بلکہ ہم نصابی سرگرمیاں بھی اس کا اہم حصہ ہوتی ہیں جن سے طلباء کی ذہنی، جسمانی اور اخلاقی نشوونما ہو تی ہے۔

انہوں نے یہ بات سپورٹس ویک کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مختلف شعبوں کے سربراہان ڈاکٹر حافظ طارق مسعود، ڈاکٹر شفیق حسین، ڈاکٹر امین عابد، ڈاکٹر شبیر احمد،انتظامی افسران سید اصغر علی شاہ، چوہدری عبدالرحمن اور مبشر سعید، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ساہیوال کی دھرتی پر ایک ایسا تعلیمی ادارہ بھی موجود ہے جو خطے میں بہترین تعلیمی خدمات سر انجام دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب کوئی نوجوان ملازمت کے لیے درخواست دیتا ہے تو تعلیمی سرٹیفکٹ کے ساتھ ساتھ مختلف سرگرمیوں یعنی کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں حصے لینے پر ملنے والے سرٹیفکٹ بھی لگاتا ہے، تاکہ اضافی کارکردگی بھی سامنے آسکے۔

یہ وہ صلاحیتیں ہوتی ہیں جو نوجوان کی شخصیت و کردار کو مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے سپورٹس ویک کے دوران مختلف کھیلوں میں جوش و خروش سے حصہ لینے اور جیتنے پر طلبہ و طالبات کو مبارک باد دی۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے شیلڈز اور سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے۔

اس کیٹیگری سے مزید خبریں پڑھیے
اپنی رائے کااظہار کیجئے

Your email address will not be published.