سگریٹ نوشی کے انسانی صحت پر اثرات
سگریٹ نوشی نوجوانوں میں بھی دمہ اور دیگر امراض کا باعث بن رہی ہے

ساہیوال (چیچہ وطنی نیوز – 17 نومبر 2022) سگریٹ نوشی سے ہونے والا دمہ انسانی زندگی کے لئے انتہائی خطرناک ہے جس سے بچاو کی واحد صورت سگریٹ نوشی سے بچاو میں ہی مضمر ہے۔
سگریٹ نوشی نوجوانوں میں بھی دمہ اور دیگر امراض کا باعث بن رہی ہے جو قابل تشویش امر ہے۔ تمباکو نوشی سے خون کے جمنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جو دل، دماغ یا ٹانگوں میں خون کے بہاؤ کو روکتا ہے۔
یہ بات ڈاکٹر محمد وسیم اسسٹنٹ پروفیسر ڈیپارٹمنٹ آف پلمونولوجی ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال نے سگریٹ نوشی والے دمہ (COPD) بارے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کے اختتام پر آگہی واک بھی کی گئی۔
سیمینار میں شعبہ پلمونولوجی کی جانب سے ڈاکٹر محمد وسیم، ڈاکٹر عون بن شاہد اور ڈاکٹر شاہد پرویز نے COPD کی وجوہات، علاج اور بچاو کے بارے میں معلومات دیں۔
اس موقع پر ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے فیکلٹی ممبران، نرسنگ سٹاف اور میڈیکل سٹوڈنٹس کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر محمد عمران حسن خان اور ایم ایس ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر مشتاق سپرا نے سگریٹ نوشی اور سموگ کو کم کرنے کی اہمیت اور پھیپھڑوں کی صحت پر اس کے اچھے اثرات کا ذکر کیا۔ تقریب کے آخر میں ہسپتال میں عوام کی آگاہی کے لئے واک بھی کی گئی۔