بھکاریوں سے ہفتہ وصولی، ایس ایچ او تھانہ سٹی چیچہ وطنی کے خلاف اندراج مقدمہ کی پٹیشن دائر

چیچہ وطنی ( چیچہ وطنی نیوز – ارشد فاروق بٹ ) چوہدری مشتاق احمد سہو ایڈووکیٹ نے ایڈیشنل سیشن جج حیدر علی عارف کی عدالت میں ایس ایچ او تھانہ سٹی محمد اشرف بھٹی کے خلاف رٹ پٹیشن دائر کی ہے۔ جس پر عدالت نے کل مورخہ 21 فروری کو ایس ایچ او تھانہ سٹی کو طلب کرلیا ہے۔
رٹ پٹیشن میں چوہدری مشتاق احمد سہو ایڈووکیٹ نے الزام عائد کیا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ سٹی محمد اشرف بھٹی بھکاریوں سے ہفتہ وار بھتہ وصول کرتا ہے۔ ایس ایچ او نے بھکاریوں کے مختلف ریٹ مقرر کر رکھے ہیں۔ 400 روپے سے لے کر 12 سو روپے ہفتہ وار وصول کرتا ہے۔
چوہدری مشتاق احمد سہو نے عدالت میں سابق جنرل سیکرٹری بار محمد علی فرخ چیمہ ایڈووکیٹ اور چوہدری پرویز اقبال چدھڑ ایڈووکیٹ کو وکیل مقرر کرکے پٹیشن میں موقف اختیار کیا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ سٹی کو طلب کرکے اس کے خلاف مقدمہ کا اندراج کیا جائے۔