ادیبہ کیس : تحریک احساس پاکستان کا احتجاج کا اعلان

چیچہ وطنی ( چیچہ وطنی نیوز – یکم دسمبر 2021 – ارشد فاروق بٹ) ضلع ساہیوال کی رجسٹرڈ سیاسی جماعت پاکستان تحریک احساس نے پولیس کو دو روزہ الٹی میٹم دیتے ہوئے بروز جمعہ احتجاج کا اعلان کیا ہے. انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ تحریک احساس پاکستان کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گمشدہ بچی ادیبہ مبارک کے والدین جس کرب میں مبتلا ہیں نہ تو اس کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے اور نہ ہی الفاظ میں لکھا جاسکتا ہے۔

بچی کی والدہ کو پچھلے 9 دن سے مسلسل بیہوشی کے دورے پڑ رہے ہیں اور اپنی ننھی بچی کے انتظار میں ہر آنے والے سے فریادیں کر رہی ہے کہ خدارا میری بچی مجھے واپس لا دو۔ مگر اقتدار کے نشے میں دھت ہمارے ارباب اختیار ابھی تک اس معاملے میں مکمل خاموش ہیں۔

پولیس کی کارکردگی صرف باتوں، وعدوں اور دعووں تک محدود ہے اور ابھی تک تفتیش کسی بھی حتمی نتیجے کو نہیں پہنچی ہے۔ خدارا! جاگ جائیں اور اپنی ذمہ داری کو سمجھیں۔

ہم تمہیں یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم ادیبہ کے والدین کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنی استطاعت اور اختیار کے مطابق ان کی ہر ممکن مدد کریں گے.

اگر دو دن میں ادیبہ بازیاب نہیں ہوتی تو چوک ختم نبوت (فوراہ چوک) میں بھرپور احتجاج کریں گے اور تمہاری نااہلی اور لاپرواہی کو چوکوں اور چوراہوں میں ببانگ دہل بیان کریں گے.

دوسری جانب صدر مرکزی انجمن تاجران و چئیر مین چیچہ وطنی پریس کلب حافظ ساجد محمود کی گمشدہ بچی ادیبہ مبارک کے گھر چک نمبر 110 سیون آر آمد، معصوم بچی کے والد سے ملاقات اور مالی امداد کی ، انہوں نے بچی کے والد کیساتھ اظہار ہمدردی کیا اور جلد بازیابی کے لیے دعا کی.

اس موقع پہ حافظ ساجد محمود نے تصویر بنانے سے سختی کیساتھ منع کیا اور کہا کہ ہمیں متاثرہ خاندان کی عزت نفس کو مجروح نہیں کرنا چاہیۓ.

اس کیٹیگری سے مزید خبریں پڑھیے
اپنی رائے کااظہار کیجئے

Your email address will not be published.