یونیورسٹی آف ساہیوال کو 2015 سے اب تک کوئی فنڈز نہیں ملے، وی سی

ساہیوال: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں اعلی تعلیم کے فروغ کے لئے دوررس اقدامات اٹھا رہی ہے اور یونیورسٹیوں کو در پیش مسائل کو سنجیدگی سے حل کیا جا رہا ہے تا کہ دوردراز علاقوں میں سینکڑوں طلبا و طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن ہو سکے.

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں یونیورسٹی آف ساہیوال کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد ناصر افضل سے خصوصی ملاقات میں کہی- انہوں نے یونیورسٹی کے مالی اور تعلیمی مسائل کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی کے قیام کے 3سال سے زائد عرصہ کے بعد بھی صوبائی حکومت سے فنڈز نہیں مل سکے جس سے یونیورسٹی کے روز مرہ امور متاثر ہو رہے ہیں.

انہوں نے مشکل حالات کے باوجود تعلیمی معیار قائم رکھنے پر وائس چانسلر ڈاکٹر محمد ناصر افضل اور سٹاف کی کارکردگی کو سراہا -وائس چانسلر نے بتایا کہ 2015 میں قیام سے لے کر اب تک صوبائی حکومت کی طرف سے یونیورسٹی آف ساہیوال کو کوئی فنڈز فراہم نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے روز مرہ امور شدید متاثر ہو رہے ہیں اور یونیورسٹی کا ایک ارب روپے کا توسیعی منصوبہ بھی کھٹائی کا شکار ہو چکا ہے.

اس کے علاوہ یونیورسٹی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مزید سٹاف کی بھرتی بھی زیر التواء ہے اور ڈیلی ویجزملازمین بھی نہیں رکھے جا سکتے. گورنر چوہدری محمد سرور نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کو مسائل جلد حل کرنے کے احکامات جاری کئے اور 15روز کے اندر کارکردگی رپورٹ بھی طلب کر لی.

اس کیٹیگری سے مزید خبریں پڑھیے
اپنی رائے کااظہار کیجئے

Your email address will not be published.