ساہیوال میں یوم تکریم شہداء کے موقع پرتقریب میں رقت آمیز مناظر

ساہیوال میں یوم تکریم شہداء کا آغاز پولیس لائنز میں یادگار شہداء پر سلامی سے ہوا

ساہیوال ( چیچہ وطنی نیوز – محمد عمر سے ) یوم تکریم شہداء پر منعقدہ تقریب میں آر پی او کے خطاب نے رقت آمیز مناظر پیداکر دئیے ، آر پی او خود بھی شہداء کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے.

تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں یوم تکریم شہداء کا آغاز پولیس لائنز میں یادگار شہداء پر سلامی سے ہوا ، ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی جی محبوب رشید نے بریگیڈیئر عارف ربانی، کرنل شہزاد کمشنر شعیب اقبال سید ، ڈی پی او فیصل شہزاد.ریجنل آفیسر سی ٹی ڈی ایس پی سیف اللہ گجر، ایس پی سپیشل برانچ رانا فواد، اے ڈی آئی جی مہر وسیم افصال ، ڈی ایس پی پی ایچ پی ساہیوال اظہر گل، ڈی ایس پی ٹریفک ساہیوال سعید خان لودھی و دیگر افسران کے ہمراہ یادگار شہداء پر سلامی دی،پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی.

بعد ازاں مقامی ہال میں یوم تکریم شہداء کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس سے میں افواج پاکستان اور پولیس کے شہداء کے خاندانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، آر پی او محبوب رشید نے ہر شہید کی فیملی کو سلیوٹ کیا، تقریب میں اس وقت دلچسپ اور جزباتی صورتحال پیدا ہو گئی جب آر پی او ڈی آئی جی محبوب رشید شہداء کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے نہ صرف خود آبدیدہ ہو گئے بلکہ ان کی حقائق پر مبنی گفتگو سے ہال میں موجود مرد و خواتین کی آنکھیں بھی پرنم ہو گئیں.

آر پی او محبوب رشید نے کہا کہ ہم آج آزادی جیسی عظیم نعمت سے لطف اندوز ہو رہے ہیں تو یہ بھی شہداء کے مقدس خون کی مرہون منت ہے، مادر وطن کے دفاع اور قانون کی حکمرانی کے لئے جام شہادت نوش کرنے والوں کے اپنے بچے تو یتیم ہو گئے لیکن ہمارے بچے آج اگر والدین کے سایہ عاطفت میں موجود ہیں تو یہ بھی شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے.

ملک دشمن قوتیں اپنے ناپاک عزائم۔میں آج تک ناکام ہیں اورپاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے تو اس کی سب سے بڑی وجہ شہداء کی وہ لازوال قربانیاں ہیں جس پر تاریخ رشک کرتی ہے.

آر پی او محبوب رشید نے کہا کہ انسان کے لئے سب سے قیمتی چیز اس کی جان ہے لیکن شہدائے نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ثابت کیا کہ وطن عزیز کی مٹی اور قانون کی حکمرانی انہیں جان سے بھی زیادہ عزیز ہے.

آر پی او نے کہا کہ میں جب شہداء کے ورثا ء کو دیکھتا ہوں تو بے ساختہ احترام کرنے اور بار بار سلیوٹ کرنے کو دل کرتا ہے اور میں ایسا کرتا ہوں ، ایسی ہر مغز اور فکر انگیز خطاب کرتے ہوئے آر پی او محبوب رشید خود بھی آ بدیدہ ہو گئے جبکہ شرکاء کی آنکھیں بھی نم دیدہ ہو گئیں.

آر پی او محبوب رشید نے کہا کہ شہداء ، ان کے خاندانوں اور یادگاروں کا تقدس قائم رکھنا ہماری زمہ داری ہے ، شہداء کے تقدس کو پامال کرنے والے ہمیشہ قومی مجرم رہیں گے ، تقریب سے بریگیڈیئر عارف ربانی ، کرنل شہزاد کمشنر شعیب اقبال، ڈی پی او فیصل شہزاد و دیگر نے بھی خطاب کیا اور شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا.

اس کیٹیگری سے مزید خبریں پڑھیے
اپنی رائے کااظہار کیجئے

Your email address will not be published.