چیچہ وطنی : زینب انصاری کے والد کی گمشدہ ادیبہ مبارک کے گھر آمد
چیچہ وطنی ( چیچہ وطنی نیوز – 21 دسمبر 2021 – اعجاز احمد سے )چئیرمین روشنی ہیلپ لائن کراچی محمد علی اور زینب انصاری شہید ( قصور) کے والد محمد امین انصاری کی چیچہ وطنی آمد۔
نواحی گاؤں 110 سیون آر میں ایک ماہ قبل لاپتہ ہونے والی ادیبہ مبارک کے گھر کا دورہ، معصوم بچی کے والدین سے ملاقات کی اور ان کو تسلی دی۔
چیئرمین روشنی ہیلپ لائن کراچی اور زینب شہید کے والد حاجی محمد امین انصاری نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم گمشدہ بچوں کی تلاش کے لیے کام کرتے ہیں، ہم آپ کی داد رسی کے لئے کراچی سے آئے ہیں۔
ہم نے دیکھا ہے کہ ادیبہ مبارک کے والدین کا بہت برا حال ہے، ادیبہ مبارک کا کیس چیچہ وطنی پولیس کےلئے چیلنج ہے۔ جب تک یہ بچی نہیں ملتی یہ گھرانہ تباہی کے دہانے پر ہے۔
اگر کسی سیاست دان، کسی امیر یا کسی تاجر کی بچی گم ہو جاتی تو بازیاب کروانے کے لئے ہر طرح سے کام کیا جاتا ہے۔ حتیٰ کہ اسے زمین سے نکال کر بھی لایا جاتا۔ ہمیں ادیبہ مبارک کو اپنی بچی سمجھنا چاہیے۔ یہ ہماری بیٹی ہے ، یہ پوری قوم کی بیٹی ہے۔
جس طرح زینب شہید کیس پر پولیس نے کام کیا اس بیٹی کے کیس پر بھی اسی طرح کام کرنے کی ضرورت ہے۔
پولیس کو اب یقین کرلینا چاہیے کہ اس معصوم بچی کے ساتھ کوئی واقعہ ضرور پیش آگیا ہے۔ اب ہنگامی بنیادوں پر کام کر نا ہوگا۔ انھوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، گورنر پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ادیبہ مبارک کیس پر نوٹس لے کر تجربہ کار اعلیٰ افسران پر مشتمل جی آئی ٹی تفتیشی ٹیم تشکیل دی جائے تو اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔